برطانیہ میں سمندری طوفان فلورس کے باعث طیارہ ہوا میں توازن برقرار نہ رکھ سکا، ڈولتے طیارے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
برطانیہ کے شمالی حصوں میں فلورس طوفان کی تباہ کن ہواؤں کے باعث لیڈز بریڈفورڈ ایئرپورٹ پر ایک طیارہ لینڈنگ کے دوران مشکلات کا شکار ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ رن وے پر اترنے کی کوشش کرتا ہے لیکن تیز ہواؤں کے سبب لینڈنگ ایک چیلنجنگ صورتحال میں تبدیل ہوجاتی ہے۔
طیارہ لینڈنگ سے قبل فضا میں مسلسل ہچکولے کھاتا رہا تاہم پائلٹ ڈگمگاتے طیارے کو مہارت سے بحفاظت رن وے پر اتارنے میں کامیاب ہوگیا۔
واضح رہے کہ یارکشائر، شمالی انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں طوفانی ہواؤں اور شدید بارش کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے جبکہ برطانیہ میں متعدد پروازیں، ٹرینیں منسوخ اور تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں۔