• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم پاکستان کے یوٹیوب چینل کا نام تبدیل کرکے ’عمران خان‘ کردیا گیا

وزیراعظم پاکستان کے نام سے منسوب آفیشل یوٹیوب چینل کا نام بدل کر ’عمران خان‘ رکھ دیا گیا۔

 اطلاعات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے نام سے یوٹیوب چینل 2019 میں بنایا گیا تھا اور یہ چینل باقاعدہ طور پر ویریفائیڈ تھا۔

وزیراعظم پاکستان کے نام سے بنے یوٹیوب چینل کا نام اب ’عمران خان‘ کر دیا گیا ہے، جبکہ نام کی تبدیلی کے بعد یوٹیوب کی پالیسی کے تحت ویریفائیڈ کا ٹک بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

اس چینل سے وزیراعظم عمران خان کی تقاریر اور انٹرویوز بھی نشر ہوتے رہے ہیں اور چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد ہے۔

 حکومت پاکستان کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے جنرل منیجر عمران غزالی کا اس حوالے سے  کہنا تھا کہ سرکاری ڈیجیٹل میڈیا ونگ وزیراعظم آفس کے صرف ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس چلاتا ہے جبکہ یوٹیوب چینل پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ونگ چلا رہا تھا۔

واضح  رہے کہ وزیراعظم پاکستان کے یوٹیوب چینل کا نام ایسے وقت میں تبدیل کیا گیا ہے جب وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع ہوچکی ہے اور اس حوالے سے اجلاس پیر 28 مارچ کو بلایا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید