• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق عالمی چیمپئن اٹلی فٹ بال ورلڈ کپ سے باہر، شمالی مقدونیہ کیخلاف شکست

کراچی (جنگ نیوز) چار بار کی عالمی چیمپئن اٹلی مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔ جمعرات کی شب مقدونیہ کے خلاف پلے آف سیمی فائنل میں 0-1 سے شکست کھانے کے بعد لگاتار دوسرے ورلڈ کپ سے محروم ہوگیا ہے۔ میچ کا فیصلہ کن گول الیکسینڈر ٹرائیکوسکی نے اسکور کیا۔ اس سے قبل وہ 2018 کے ورلڈکپ میں بھی کوالیفائی نہیں کرسکا تھا۔ اٹلی نے جولائی 2021 میں ہی یورو کپ کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل دوسری مرتبہ اپنے نام کیا تھا۔ 2018 سے پہلے اٹلی آخری بار 1958 میں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا تھا۔ دریں اثنا جنوبی امریکا سے یوروگوائے نے پیرو کو 1-0 اور ایکواڈور نے پیراگوائے کو 3-1 سے ہرا کر قطر ورلڈکپ میں جگہ بنالی ہے۔ یہاں سے برازیل اور ارجنٹائن پہلے ہی کوالیفائی کرچکے ہیں۔اٹلی چار بار فیفا ورلڈ کپ جیت کر جرمنی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر ہے۔برازیل پانچ مرتبہ ورلڈکپ جیتنے والی واحد ٹیم ہے۔ دلچسپ بات ہے کہ شمالی مقدونیہ نے1991 میں سابق یوگوسلاویہ سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے ورلڈ کپ نہیں کھیلا ہے۔ اطالوی فٹبال ٹیم کے دفاعی کھلاڑی جورجیو چینلی کا کہنا ہے کہ ہم اس شکست کےبعد برباد ہوگئے ہیں۔
اسپورٹس سے مزید