جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی بات میں نہ آئیں، وہ پاگل ہوگیا ہے، دماغی توازن کھو بیٹھا ہے، شیخ رشید کے لیڈر حواس باختہ ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پوری پی ٹی آئی خوفزدہ ہے، انصارالاسلام سے خوفزدہ ہیں، انصارالاسلام کوئی ملیشیا نہیں ہے، جو لڑائی کرے، انصار الاسلام جلسوں کو سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ شیخ رشید نے دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے، شیخ رشید جب اپوزیشن میں تھے تو لوگوں سے اپیل کی تھی کہ پکڑو مارو، بدقسمتی سے پاکستان پر دہشت گرد مسلط ہیں، ریاست کی رٹ کوچیلنج کرنے والے آج وزیراعظم کے نام سے مسلط ہیں۔
رہنما جے یو آئی نے کہا کہ ملک بھر سے ہمارے کارکنوں کے قافلے اسلام آباد کیلئے رواں دواں ہیں، خیبرپختونخوا کا بہت بڑا قافلہ موٹر وے پر ہے، ہمارے تمام قافلے ہکلہ انٹرچینج پر اکٹھے ہوں گے، ہکلہ سے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں تمام قافلے اسلام آباد پہنچیں گے۔
عبدالغفور حیدری نے کہا کہ لاکھوں کارکن مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پنڈال میں پہنچیں گے، انتظامیہ اب تک تو بظاہر کوئی مداخلت نہیں کررہی، ہم سمجھتے ہیں کہ عدم مداخلت انتظامیہ کےحق میں فائدہ مند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تصادم بالکل نہیں چاہتے، ہم اس ملک کو امن کا گہوارہ اور معیشت بہتر بنانا چاہتے ہیں، جب سے یہ ٹولہ مسلط ہوا ہے ملک کی کیا حالت ہے۔