حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد جلسے میں جانے کے لیے لاہور سے نکلنے والے قافلے موٹر وے پر پہنچ گئے۔
پی ٹی آئی لندن کے صدر میاں وحید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے جلسے میں شرکت کے لیے لندن سے آئے ہیں۔
وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بھی کارکنوں سمیت اسلام آباد روانہ ہوئی ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 3 ہزار کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ہر مشکل سے نکالیں گے، تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔
وزیرِ صحت پنجاب نے مزید کہا کہ ہم وزیرِ اعظم عمران خان کو بتانا چاہتے ہیں کہ دیکھیں ہم سب آپ کے ساتھ موجود ہیں۔
’’کل اپوزیشن والے اسمبلی گئے تو 153 افراد تھے‘‘
ڈاکٹر یاسمین راشد کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل یہ اپوزیشن کے لوگ اسمبلی گئے تو 153 افراد تھے، جبکہ تحریکِ عدم اعتماد کے لیے 172 افراد چاہئیں۔
حکومتی جماعت تحریکِ انصاف اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں آج جلسہ کرے گی جبکہ جے یو آئی ایف نے سیکٹر ایچ نائن میں کل جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔