پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ق لیگ کے ساتھ گفتگو جاری ہے، ق لیگ سے درخواست ہے کہ درست دھارے کی طرف آئیں۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ عدم اعتماد کی قرارداد کل قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی، عدم اعتماد کے عمل کا آغاز ایک وکٹ گرانے سے نہیں ہوا، ن لیگ پوری ٹیم بمعہ کپتان گرا کر میدان میں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی مکاؤ مارچ میں بھی گوجرانوالہ اپنا حصہ ڈالے گا، گوجرانوالہ کے شہری بھی سوال پوچھیں گے، گھی، تیل، دوائی کس نے چوری کی، میڈیا کی آزادی کا گلا کس نے گھونٹا ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ایک ہفتے بعد موجودہ حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا، ن لیگ کی جدوجہد ملک کی تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، قائدین نے کل بڑے بڑے اجتماعات سے خطاب کیا، کچھ ہی دیر بعد مہنگائی مکاؤ مارچ کا دوبارہ آغاز کیاجائے گا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ توشہ خانہ میں چوری کرنے والا امر بالعمروف کا بھاشن کیسے دے رہا ہے؟ دوائیاں مہنگی کرنے والا امر بالمعروف کے بھاشن کیسے دے رہا ہے؟ ریاست مدینہ کانام لینے پر ہماری روح کانپ جاتی ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ امر بالمعروف کے نعرے دہشتگردی کیخلاف جنگ کرنے والوں کو اچھے لگتے ہیں، امر بالمعروف کے نعرے امن قائم کرنے والوں کو اچھے لگتے ہیں۔