پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد جمع کروانے اور پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ بنانے سے متعلق سوال پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے صحافی کو جواب دے دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے صحافی نے سوال کیا کہ پنجاب میں بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروادی ہے، اسے کیسے دیکھتے ہیں؟ جس پر جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح آپ دیکھ رہے ہیں، اسی طرح ہم دیکھ رہے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم کی گزشتہ روز کی تقریر میں کوئی سرپرائز نہیں لگا، وزیر اعظم کی تقریر جھوٹ تھی اور کچھ نہیں تھا۔
صحافی نے سوال کیا کہ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں انہیں ایک دھمکی آمیز خط ملا ہے؟ جس پر جواب دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیرا عظم جھوٹ بول رہے ہیں، وہ جھوٹا آدمی ہے۔
شہباز شریف سے پوچھا گیا کہ پرویز الہیٰ کو کیا وزارت اعلیٰ کی پیش کش کی گئی ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے علم نہیں، آپ بتائیں۔