امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان کو عزت کے ساتھ استعفیٰ دینے کا مشورہ دے دیا۔
سوات کے علاقے مینگورہ میں جلسے سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ رات عمران خان 2 گھنٹے تک رو رہے تھے، وزیراعظم عزت سے استعفیٰ دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود عمران خان نے ہر جگہ جلسے کئے، وہ اب وزیراعظم نہیں رہے ہیں، کل عمران خان نے ایک خط نکالا تھا، وہ شاید ان کی پرانی بیوی کا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت کی ناکامی کے باعث کشمیر بھارت کے ہاتھ میں چلا گیا، پوچھتا ہوں اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنا امریکا کی دوستی ہے یا دشمنی؟
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ امریکا و برطانیہ کا قانون نافذ کرنے والا امریکا کا دشمن نہیں ہوسکتا، عمران خان نے اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مفاد پرستوں اور لوٹوں کو اکٹھا کردیا ہے، آج سبزیوں کی طرح پارلیمنٹرین بک رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خان صاحب کو پیاز، ٹماٹر کی قیمت کا نہیں پتا، لیکن رکن پارلیمنٹ کے ریٹ کا معلوم ہے۔