• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے راجہ بشارت کو اہم ٹاسک سونپ دیا

صوبۂ پنجاب میں نئے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر موجودہ اسپیکر پنجاب اسمبلی، رہنمامسلم لیگ ق پرویز الہٰی نے پنجاب کے وزیرِ قانون راجہ بشارت کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔

صوبائی وزراء نے سول سیکریٹریٹ میں بیٹھک لگا لی جہاں حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے۔

ناراض اراکین کو منانے کیلئے وزراء کو دعوت

ذرائع نے بتایا ہے کہ راجہ بشارت کے دفتر میں ایسے وزراء کو مدعو کیا گیا جو ناراض اراکین کو منا سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور راشد حفیظ بھی سیکریٹریٹ میں موجود ہیں۔

وزراء ناراض اراکین کو منانے اور مسلم لیگ ن کے ممبران کو قائل کرنے کے لیے کام کریں گے۔

ترین گروپ کے مطالبات پر کام

صوبائی وزراء ترین گروپ سے رابطے اور ان کے مطالبات پر بھی کام کر رہے ہیں۔

راجہ بشارت اور اسلم اقبال کو لاہور اور راولپنڈی ڈویژن میں جبکہ اختر ملک کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ہم خیال گروپ سے رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈاکٹر اختر ملک نے قومی اسمبلی کے ناراض رکن راجہ ریاض سے بھی رابطہ کیا ہے۔

مونس الہٰی کے رابطے

پرویز الہٰی نے ہم خیال گروپ اور ن لیگ کے منحرف ارکانِ اسمبلی سے رابطے بھی کیے ہیں، ان کے صاحبزادے وفاقی وزیر چوہدری مونس الہٰی نے بھی ارکانِ اسمبلی سے رابطہ کیا ہے۔

وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت کا ان رابطوں سے متعلق کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان سے رابطے کر رہے ہیں، ارکانِ اسمبلی سے معمول کے دنوں میں بھی رابطہ رہتا ہے۔

واضح رہے کہ پرویز الہٰی نے ناراض ارکان کو منانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی تھیں جن میں بشارت راجہ، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید