وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت گرانے والےحکومت بحال کروانا چاہتے ہیں، اپوزیشن رہنما باڈی لینگویج سے شکست خوردہ نظر آرہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مشاورت سے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیر اعظم کے لیے تجویز کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ لوگ اب ہمارا مقابلہ نہیں کرسکیں گے، یہ عوام کی عدالت میں جانے سےڈر رہے ہیں۔
عمران خان نےکہا یہ ناجائز دولت کے ذریعے اقتدار میں آکر اپنے کیسز اور نیب ختم کرنا چاہتے ہیں، ہمیں حکومت سے زیادہ پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنائیں گے۔
عمران خان نے عثمان بزدار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب بہترین کام کیا۔