• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران، صدر مملکت، اٹارنی جنرل اور اسپیکر غدار ہیں، سعید غنی

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی شروعات 2020میں ہوئی تھی۔

کراچی سے جاری ایک بیان میں وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کہا کہ ہم نے موجودہ حکومت کو ہٹانے کے لیے آئینی طریقہ اختیار کیا،اگر یہ سازش تھی تو عمران نے خود اس سازش کو کامیاب بنایا،عمران خان کی حکومت کاخاتمہ ٹارگٹ تھامگر ہم آئین کی پامالی پر سراپا احتجاج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان، صدر مملکت عارف علوی، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سب آئین شکن اور غدار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان، صدر، اٹارنی جنرل، فواد چوہدری، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو عبرت کا نشان بنایا جائے، پہلے فوجی آمروں کو عبرت کا نشان نہ بنا کر غلطی کی تھی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس نے پھر سب پر ملک دشمنی کے الزامات لگانے شروع کردیے ہیں، پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو گزشتہ انتخابات میں 1 کروڑ 38 لاکھ ووٹ ملے، عمران کا کوئی حق نہیں کہ کسی پر غداری کے الزامات لگائے، یہ مثال بن گئی تو ہم اپنی نسلوں کے لیے کیسا ملک چھوڑ کر جائیں گے، کسی سے ملاقات کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ملک سے غداری ہوگئی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ عدالتوں کے فیصلے ہمیں پسند ہوں نا ہوں ماننے پڑتے ہیں،  1973 کے آئین کو پہلی بار سویلین حکومت نے توڑا۔

وزیر اطلاعات سندھ کہنا تھا کہ حکمراں جماعت کے لوگ کہتے ہیں اسپیکر کی رولنگ پر عدالت سوال نہیں کرسکتی، امید ہے ججز آئین کے مطابق فیصلہ کریں گے، عمران کی انا پرستی کے باعث یہ سارا تماشہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے موقع پر قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی تھی۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کو آئین کے خلاف قرار دیا تھا۔

اس کے فوراً بعد ہی وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے براہ راست خطاب کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ صدر مملکت کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیج دی ہے، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی سمری موصول ہونے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسمبلی تحلیل کر دی تھی ۔

قومی خبریں سے مزید