• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین کے پناہ گزینوں کو اغوا کر کے بیچنے کی کوشش کی جارہی ہے، یلوا جوہانسن

یورپین کمشنر برائے داخلہ نے خبر دار کیا ہے کہ پناہ گزینوں کا شکار کرنے والے اسمگلر یوکرین کے کمزور پناہ گزینوں کو اغوا کر کے انہیں جنسی یا جبری مشقت کیلئے بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس خطرے کی نشاندہی یورپی یونین کے امور داخلہ کی کمشنر یلوا جوہانسن نے کی۔

انہوں نے کل رات خبردار کیا کہ ہمارے رکن ممالک میں پہلے سے ہی جرائم پیشہ گروہ اور مجرمانہ نیٹ ورک موجود ہیں جو یوکرین کے شہریوں کی اسمگلنگ اور انہیں فروخت کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ اور یقیناً وہ اب سرگرم ہیں۔

یلوا جوہانسن نے یورپین پارلیمنٹ کی ترقی اور شہری آزادیوں کی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں کہا کہ ہمارے ساتھی ایڈی ویکس نے رپورٹ میں لکھا ہے کہ یوکرین سے یورپی یونین میں داخل ہونے والے 40 لاکھ افراد کی اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

یورپین کمشنر برائے داخلہ نے کہا کہ اب ملک سے بھاگنے والے لوگ پہلے آنے والوں سے بھی زیادہ مایوس ہیں، کیونکہ وہ زیادہ کمزور اور صدمے کا شکار ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یورپی یونین میں ان کے ذاتی رابطے کم ہیں اور اکثر نہیں جانتے کہ انہیں اپنے ملک سے نکل کر کہاں جانا ہے۔

انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ اب ہر روز 40,000 سے کم لوگ یورپی یونین کی جانب فرار ہو رہے ہیں، جبکہ جنگ کے آغاز میں یہ تعداد 200,000 سے زیادہ تھی۔

یورپین کمشنر برائے داخلہ یلوا جوہانسن نے کہا کہ یہ اب بھی یورپ میں پناہ گزینوں کا سب سے بڑا بحران ہے جو ہم نے دوسری جنگ عظیم کے بعد دیکھا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید