• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان کو عبرت ناک سزا نہ دی گئی تو اس سے بھی زیادہ غداری کریں گے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کا  کہنا ہے کہ ملک کےخلاف بیرونی سازش ہوئی، یہاں کے غدار بیرونی سازش کا حصہ بن گئے، بیرونی سازش کا حصہ بننے والے غدار ہیں، ان کو عبرت ناک سزا نہ دی گئی تو اس سے بھی زیادہ غداری کریں گے۔

 لاہور میں گورنر ہاؤس میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ جمہوریت، ملک اور آنے والی نسلوں سے بھی غداری کر رہے ہیں، یہ غدار ہیں، ان کےخلاف سپریم کورٹ میں جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں ایف نائن پارک میں آئیں، ان غداروں کے خلاف مظاہرے کریں، غداروں کےخلاف کھڑے نہ ہوئے تو ہماری نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آئندہ تین ماہ میں ملک میں الیکشن ہوگا، کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتا ہوں، آج فیصلہ کن وقت ہے، پرامن احتجاج کرنا، سازش کو شکست دینا آپ کا فرض ہے، امریکا کو بھی پیغام جانا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ پیسے دے کر ہمارے اراکین کو خرید رہے ہیں، اس سے بڑی غداری کیا ہوگی، بیرونی سازش کا حصہ بننے والوں کو عوام الیکشن میں مسترد کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں غلطیاں ہوئیں جس کی سزا بھگتنا پڑی، فیصلہ کیا ہے اب ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی، اس مرتبہ سوچ سمجھ کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضمیر کا سودا کرنے والوں پر تاحیات پابندی عائد ہونا چاہیے، جیلوں میں ڈالنا چاہیے، کیا کسی ملک میں اراکین کو خرید کر حکومت گرانےکا سوچا جاسکتا ہے، شیروانیاں سلوانے والوں کو شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ارکان کو خرید کر حکومت گرانا کون سی جمہوریت ہے، ہر روز احتجاج کرکے بیرونی سازش کرنےوالوں اور ان کےحواریوں کو پیغام دیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لاہور کے ایک ہوٹل میں اراکان کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید