مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کا مقصد کرپٹ اور نااہل ٹولے کو ہٹانا تھا جس میں کامیاب ہوئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہماری توجہ انتخابی اصلاحات اور عوام پر ہوگی، تحریک انصاف کی مرضی ہے جو ان کا دل کرتا ہے کریں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹولہ اب بھی وہی زبان استعمال کررہا ہے، نفرت انگیزی پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب آپ چلے گئے ہیں، ہمیں ملکی حالات ٹھیک کرنے دیں، تاکہ عوام کو سکون مل سکے، ان کو چاہیے کہ تحریکیں چلانے کی بجائے مسائل کے حل کی طرف توجہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو حالات ہیں اس میں کسی ایک فرد یا ایک پارٹی کے بس میں نہیں کہ ٹھیک کرسکے، قت کم ہے، چیلنج زیادہ ہے، ایسے موقع پر حکومت چلانا آسان نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی آج نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی، نئے وزیر اعظم کے انتخاب کیلئے شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کے متفقہ امیدوار ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے شاہ محمود قریشی کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔