وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور کی خیرسگالی ملاقات کی اور وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر چین کی حکومت اور قیادت کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چین کی ناظم الامور پھینگ چُنگزو نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک تعاون کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون اور علاقائی امن و استحکام کا عُنصر قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق چین کی ناظم الامور نے زور دیا کہ چین وزیراعظم شہباز شریف کو ایک مضبوط اور پختہ عزم رکھنے والے دوست کے طور پر دیکھتا ہے جن کا چین میں بے پناہ احترام اور تعریف کی جاتی ہے۔
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کے ’بیلٹ اینڈ روڈ‘ اقدام کے ’فلیگ شپ‘ منصوبے سی پیک پر جاری پیش رفت اور پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اس کی اہمیت کو سراہا۔
انہوں نے سی پیک کے اعلیٰ معیار کے ترقیاتی منصوبہ جات پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے اور اسے چین پاکستان دوستی و گہری شراکت داری کی علامت بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے صنعتوں کے قیام، زراعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں چین کی طرف سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی اہمیت پر زور دیا۔