• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم شہباز شریف کی وزیر اعلیٰ سندھ کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

نومنتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سند مراد علی شاہ کو صوبوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں سندھ کے ترقیاتی پروگراموں سمیت وفاق اور سندھ کے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہباز شریف کوسندھ حکومت کے میگا پروجیکٹس سے متعلق آگاہ کیا اور سابق وفاقی حکومت کی سندھ کیلئے مختص رقم میں کی گئی کٹوتیوں سے متعلق بھی بتایا۔

وزیر اعظم نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ معاشی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں، وفاقی حکومت صوبوں کے تحفظات دور کرے گی۔

حکومت سندھ ریڈ لائن بی آر ٹی سسٹم شروع کر رہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو بی آر ٹی پروجیکٹس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ ریڈ لائن بی آر ٹی سسٹم شروع کر رہی ہے، اس کے لئے 250 بایو ہائبرٹ بسز خریدی جائیں گی، جس میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد مسافر روزانہ سفر کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروجیکٹ 22.5 کلو میٹر کا ہوگا جس کے 23 اسٹیشنز ہوں گے، 208 شیلٹرز اور 2 بس ڈیپو ہوں گے، بی آر ٹی ریڈ لائن کا ٹینڈر جاری کیا جا چکا ہے اور جلد اس پر کام ہوگا، بی آر ٹی یلو لائن 17.6 کلومیٹر ہوگا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے جس پر کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے بی آر ٹی پروجیکٹ کیلئے 2000 الیکٹرک بسز خریدنے کے منصوبے سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، ان بسز کی خریداری پر 108 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ کی توانائی، کراچی ٹرانسفارمیشن پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ

وزیراعلیٰ نے توانائی، کراچی ٹرانسفارمیشن پر وزیراعظم کو بریفنگ دی اور جامشورو، سیہون ڈوئل کیرج وے، پاکستان میڈیکل کمیشن کے حوالے سے بھی بتایا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کے 3 اسپتالوں کا کنٹرول اور پانی کے مسائل پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، اکرم درانی، مریم اورنگزیب، خالد مقبول صدیقی، خواجہ اظہار، کنور نوید اور مولانا اسد محمود شریک ہوئے۔

اجلاس میں چیئرمین واپڈا، چیئرمین ریلویز، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید