پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزارتِ خارجہ بلاول بھٹو کے لیے مانگی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے ایک دن کا وقت مانگا ہے، کمیٹی نے وزارتوں کی تقسیم مکمل کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں نے کہا ہے کہ ایک دن چاہیے تاکہ پارٹی میں فیصلہ کرلیں کس رکن کو کون سی وزارت دینی ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں اراکین کے حساب سے پیپلز پارٹی کی 11 اور ن لیگ کی 14 وزارتیں بنتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزارتوں کی تقسیم ہوگئی اب اتحادی جماعتیں اپنے اراکین کے نام دیں گی، دیگر جماعتوں کے نام وزارتوں کے لیے سامنے آئیں گے تو ن لیگ بھی سامنے لائے گی۔
رانا ثنااللہ نے یہ بھی کہا کہ وزارت خارجہ کا تقاضہ پیپلز پارٹی نے کیا تھا، اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ بننے کے لیے سوچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو شہباز شریف کابینہ کا حصہ بنیں گے یا نہیں؟ اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔