پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کسی نے لی ہے تو پارٹی اور چیئرمین کو بھی سزاملے گی، ہائی کورٹ نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 دن میں کرنے کا حکم دیا ہے۔ 70 لاکھ ڈالر فارن فنڈنگ میں ڈکلیئر نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسٹیٹ بینک عمران خان کے حکومت میں ہوتےہوئے تفصیلات سامنے لایا، ممنوعہ فنڈنگ کسی نے لی ہے تو پارٹی اور چیئرمین کو بھی سزا ملے گی، عمران خان نے ڈاکو منٹس کو پبلک نہ کرنے کی 100ویں درخواست جمع کروائی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی شہری کے اکاؤنٹس سے پیسے ان کے اکاؤنٹ میں آئے، کینسر اسپتال کے لیے چیریٹی کی اور فنڈ پارٹی اکاؤنٹس میں آتے رہے، کل پی ٹی آئی بیانیہ دے گی کہ ایک سازش امریکا اور ایک سازش الیکشن کمیشن کر رہا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق 16 اکاؤنٹس میں رومیٹا شیٹی کے اکاؤنٹ سے پیسے آئے، یو کے، بھارت، فن لینڈ، ناروے، کینیڈا سے تحریک انصاف کو پیسے آئے، چیریٹی کی بنیاد پر تحریک انصاف کو پارٹی فنڈنگ کی گئی، 349 کمپنیوں اور 88 انفرادی لوگوں کے بھیجے گئے پیسے ڈکلیئر نہیں کیے گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کو کروڑوں روپے ذاتی اکاؤنٹس میں آتے رہے، 2008 اور 2009 میں 2 اکاؤنٹس ظاہر کیے، اسٹیٹ بینک نے کہا 5 اکاؤنٹس ڈکلیئر نہیں کیے، 2011 میں 15 اکاؤنٹس ڈکلیئر نہیں کیے گئے، 70 لاکھ ڈالر فارن فنڈنگ میں ڈکلیئر نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال سے عوام جھوٹ پر جھوٹ سنتی رہی ہے، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص جھوٹ بولتا رہا، عمران خان نے کہا وہ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس لارہے ہیں، اداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، ججز نے آئین پر مبنی فیصلہ دیا تو ان کو بھی سیاست کی نذر کیا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ عوام ان سے کارکردگی نہ پوچھے، عمران خان نے اپوزیشن کو جیلوں میں بند کر کے حکومت چلائی، عمران خان نے عدالتوں اور اداروں پر حملہ کرکے حکومت چلائی، عمران خان اداروں کے خلاف نفرت پھیلا رہےہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کی چوری اسٹیٹ بینک نے دستاویزات سے پکڑی ہے، عمران خان نے جھوٹا سائفر لہرایا جو وزارت خارجہ کی جانب سے نہیں آیا تھا، جو دھمکیاں دے رہا تھا وہ وزارت خارجہ میں تقریر کررہا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ کی چوری سب کے سامنے آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، کچھ ہی دیر میں وفاقی کابینہ کا اعلان کروں گی۔