نئی وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے پہلے اجلاس میں وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی۔
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی سربراہی میں گزشتہ روز حلف اٹھانے والی وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ای سی ایل کمیٹی کی منظوری دے دی۔
یہ کمیٹی ای سی ایل سے متعلق ٹی او آرز کا جائزہ لے کر کابینہ کو رپورٹ دے گی۔
کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے یا نکالنے سے متعلق فیصلہ بھی ای سی ایل کمیٹی کرے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالے جانے کے بعد وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل آج رات واشنگٹن روانہ ہوں گے، جو وہاں آئی ایم ایف حکام سے مذاکرات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی اسپرنگ میٹنگز میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل معیشت سے متعلق آئی ایم ایف کے ساتویں جائزے سے متعلق مذاکرات کریں گے۔
یہ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہو جائے گی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر پہلے سے واشنگٹن میں ہیں، جبکہ وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کے ساتھ سیکریٹری خزانہ بھی واشنگٹن جائیں گے۔
واضح رہے کہ ن لیگ اور اتحادیوں پر مشتمل 34 رکنی نئی وفاقی کابینہ نے گزشتہ روزحلف اٹھا لیا ہے۔
وفاقی وزراء نے حلف اٹھانے کے بعد اپنی وزارتوں کی ذمے داریاں بھی سنبھال لی ہیں۔