وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے لیے درخواست پر ہائی کورٹ آفس نے اعتراض ختم کردیا جس کے بعد درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
ہائیکورٹ آفس نے دوبارہ دائر درخواست میں گورنر پنجاب کو فریق بنانے کا اعتراض عائد کیا تھا۔
اعتراض ختم ہونے کے بعد لاہور ہائی کورٹ آفس نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی جمعرات کو سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز نے اعظم نذیر تارڑ، عطا اللّٰہ تارڑ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی تھی، گزشتہ روز ہائیکورٹ نے درخواست نامکمل ہونے کی بنا پر واپس کردی تھی۔
حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار حمزہ شہباز کا دائر درخواست میں موقف ہے کہ 16 اپریل کو 197ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ گورنر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے درخواست میں استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست گزشتہ روز نا مکمل قراردے کر واپس کردی تھی اور رجسٹرار آفس نے موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست کے ساتھ مطلوبہ مکمل دستاویزات منسلک نہیں ہیں۔