وزیراطلاعات مریم اونگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جتنا توشہ خانہ سے کمایا، اتنا انہوں نے پوری زندگی میں نہیں کمایا تھا، میرا تحفہ میری مرضی نہیں کیونکہ وہ پاکستان کا تحفہ تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ کرسی پر بیٹھ کر سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالتے رہے، وزیراعظم کی کرسی کو انہوں نے کاروبار بنالیا تھا موصوف کاروبار کرتے رہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان صاحب رسیدیں تو دینی پڑیں گی، توشہ خانہ کے 58 گفٹ لیے گئے، پہلے دو مہینوں میں جو کاروبار کیا وہ 85 ملین ہے، ساڑھے چار سال کے توشہ خانہ کے گفٹس کی قیمت 142 ملین ہے، مرضی نہیں یہ وزیراعظم کی کرسی تھی منی ٹریل دکھانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تحفوں کو بازاروں میں بیچا نہیں جاسکتا، وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کرعمران خان غنڈا گردی کرتے رہے، عمران خان کو وزیراعظم کی کرسی کے تقاضے نہیں معلوم، بیس فیصد پر تحائف کو حاصل کیا گیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت دسمبر میں 50 فیصد کا قانون لائی، عمران خان نے 20 فیصد قیمتوں پر ہی تحائف حاصل کیے، عمران خان نے توشہ خانہ سے جتنا کمایا وہ ان کی زندگی کی آمدن سے زیادہ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو مشاورتی چیزوں کے حوالے سے معلوم نہیں، بڑی باتیں کرتے تھے کہ سائیکل پر آنا ہے اور سائیکل پر جانا ہے، سائیکل پر آنے کی باتیں کرنے والے ہیلی کاپٹر پر آتے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ انفارمیشن ملی ہے کہ کچھ فائلیں غائب ہیں ان کی تفصیلات لی جائیں گی، باتیں کرنے والے مشاورت کے عمل سے واقف نہیں، عدم اعتماد میں شامل تمام جماعتیں کابینہ کا حصہ ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ووٹ اور الیکشن تو ہو چکا ہے، حمزہ شہباز وزیراعلیٰ ہیں، حمزہ شہباز نے حلف لینا ہے وہ بھی جلد ہو جائے گا، پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پر حملہ کیا گیا، پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ آنے پر معلوم نہیں کس ملک پر سازش کا الزام لگائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت، خارجہ پالیسی اور ترقیاتی منصوبوں کی حالت خراب ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے پانچ دنوں میں کام شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج تک الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن نے کوئی اعتراض نہیں لگایا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی اے کو کہا گیا ہے کہ روبوٹکس ٹوئٹس کے خلاف کارروائی کی جائے، اداروں کے خلاف بوٹس ٹوئٹس کے ذریعے منظم مہم چلائی جارہی ہے، فوری ایکشن لیا جائے گا اور ان ٹوئٹس کو ختم کیا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ شناخت شروع کردی گئی ہے بوٹس ٹوئٹس کو ختم کیا جائے گا، جن جگہوں پر روبوٹک مشینیں نصب ہیں پتہ چلا لیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب آپ آج رات کو کنٹینر پر کھڑے ہوں تو عوام بھی جواب چاہتے ہیں، مہنگائی کی شرح 3.9 فیصد سے 16 فیصد تک گئی ہے، اس کا جواب دیجئے گا، کروڑوں لوگوں کے خط غربت سے نیچے جانے کا جواب دیجئے گا، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والوں کے پیچھے کھڑا ہونا ہے یا نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر ثبوت نہ ہوتے تو فرح فرار نہ ہوتیں، عمران خان اپنی کارکردگی کی وجہ سے وزیراعظم کے عہدے سے فارغ ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چور جھوٹا منافق وزیراعظم آئینی طریقے سے وزیراعظم کی کرسی سے ہٹایا گیا، شہباز شریف جھوٹ نہیں بولتا اور نہ ہی منافق ہیں، شہباز شریف کو کوٹ لکھ پت جیل میں نماز پڑھنے کے لئے کرسی نہیں دی جاتی تھی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کی پریس گیلری میں جیمرز لگائے۔