• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھا لیا

بشکریہ واٹس ایپ
بشکریہ واٹس ایپ

سندھ اسمبلی کے رکن شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریبِ حلف برداری کا آغاز قرآنِ پاک کی تلاوت اور قومی ترانے سے کیا گیا، جبکہ چیف سیکریٹری سہیل راجپوت نے تقریب کی میزبانی کی۔

تقریبِ حلف برداری میں قائم مقام گورنر، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے شرجیل میمن سے وزارت کا حلف لیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اسٹیج پر موجود تھے۔

تقریب میں صوبائی وزراء، سعید غنی، ناصر شاہ، گیان چند، سردار شاہ، اعجاز جکھرانی، مشیران، معاونینِ خصوصی، صوبائی سیکریٹریز بھی شریک ہوئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرجیل انعام میمن کو صوبائی وزیر کا حلف لینے پر مبارک باد دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے رکنِ سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کو صوبائی وزیر بنا دیا گیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شرجیل انعام میمن کو محکمۂ اطلاعات سندھ کا قلم دان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ کا نام سندھ کابینہ سے ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید