وفاقی وزیر برائے اطلات و نشریات مریم اورنگزیب کا سابق وزیر اعظم عمران خان کے وقت سے قبل الیکشن کے مطالبے پر کہنا ہے کہ آپ کو آپ کے اعمالوں نے اقتدار سے نکالا ہے، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب جوالیکشن ہوگا اس میں آر ٹی ایس بیٹھنے کی غلطی نہیں ہوگی، عمران صاحب، غلطی، جھوٹ، کشمیر فروشی پرعوام سے معافی مانگو۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے زریعے نکالے جانے پر بیرونی سازش کا راگ الاپا جارہا ہے، آپ نے 2 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے کیا، عمران خان نے پہلے چینی کو ایکسپورٹ کر کے قلت پیدا کی، چینی کی قلت کے بعد عمران خان نے چینی درآمد کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا نہیں کیا، آئی ایم ایف کی شرائط پوری نہ کرکے معاشی بحران پیدا کیا گیا، ان کی دھٹائی، جھوٹ اور منافقت ختم ہی نہیں ہورہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ توشہ خانہ بیت المال ہے جس پر آپ نے ڈاکا ڈالا، آپ کہتے ہیں توشہ خانہ سے کچھ نہیں کھایا، آپ نے بطور وزیراعظم جو تحفے وصول کیے انہیں دکانوں پر بیچا، آپ کی وزیراعظم کی کرسی تھی یا کوئی دکان تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریر پچھلے چار سے تبدیل نہیں ہوئی، تم ایک ارب کا ہیلی کاپٹر اڑاؤ اور کہو غلطی ٹھیک کرو، آپ کو اپنے جرائم کاحساب دینا ہوگا، آپ عوام کے مجرم ہیں، تمام چیزوں کے ثبوت آچکے ہیں آپ کو حساب دینا پڑے گا۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، اداروں کے بارے میں جو منظم مہم آپ نے شروع کی اس کا نوٹس لے لیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے مفت دوائی دینے کا وعدہ کیا اور دواؤں کو ساڑھے پانچ سوفیصد مہنگا کیا۔
انہوں نے آئندہ مستقبل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مشکل فیصلے ہوں گے لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہوں گے۔