معروف بھارتی کامیڈین اور کپل شرما شو کے میزبان کپل شرما نے بالی ووڈ کے مشہور اداکار نوازالدین صدیقی سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے سفید گھر کے اندر خود کو صدر محسوس کرتے ہیں؟
انہوں نے یہ سوال کپل شرما شو کی آئندہ آنے والی قسط کے پرومو میں فلم ہیروپنتی ٹو کی کاسٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔
اس حوالے سے انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں کپل کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اداکار ٹائیگر شیروف، نوازالدین صدیقی، تارہ سوتاریا اور فلم ساز احمد خان کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔
کپل شرما نے نواز الدین صدیقی سے پوچھا "کیا وہ اپنے مکمل طور پر سفید گھر کے اندر خود کو صدر محسوس کرتے ہیں؟" اور اس کے بعد کہا کہ "نوازالدین بھائی نے حال ہی میں کمال کا بنگلہ بنایا ہے، پورا وائٹ کلر کا بنگلہ ہم نے دیکھا ہے، وائٹ ہاؤس۔"
یاد رہے کہ نواز الدین صدیقی نے اپنے سوشل میڈیا انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنے سفید رنگ کے بنگلے کی جھلک دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے والد کی یاد میں اسے نواب کا نام دیا ہے۔