• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں اپنی غلامی کی زنجیریں توڑنی ہیں، عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سب کو دعا کرنی چاہیے کہ ہم اپنی زنجیریں توڑیں، ہمیں اپنی غلامی کی زنجیریں توڑنی ہیں۔

اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں دعائیہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارا راستہ گم ہوگیا، ہم اپنا راستہ کھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم اپنا راستہ کیسے ڈھونڈتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو قوم نظریے کو کھو بیٹھتی ہے اس کا وجود ختم ہو جاتا ہے،  ہمیں جس پاکستان کی طرف جانا تھا بدقسمتی سے نہیں جا سکے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بننا تھا، مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا ہونا تھا، ہمیں پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  ہماری آزادی میں مداخلت، باہر سے سازش کرکے پتلے بٹھائے گئے، ہم سب کو پاکستان سے متعلق علامہ اقبال کے خواب کو سمجھنا ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کو کوئی عام ملک نہیں بننا تھا، ہمیں ریاست مدینہ کے اصولوں پر ایک عظیم قوم بننا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اللّٰہ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ نبی کریم ﷺ کے حکم پر چلنا ہے ، انسان اقبال کا شاہین تب ہی بن سکتا ہے جب وہ خوف کی زنجیریں توڑ دیتا ہے،  قوم آج دعا کرے کہ ہم اپنی آزادی کی راہ میں حائل زنجیریں توڑ سکیں۔

قومی خبریں سے مزید