سابق وزیر داخلہ شیخ رشید مسجد نبویؐ میں کابینہ اراکین کے خلاف نعرے بازی کرنے والوں کے حق میں سامنے آگئے۔
ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ کل جو کچھ روضہ رسول صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم پر ہوا وہ پاکستانی مسلمانوں کے جذبات تھے، یہ سب عمرہ زائرین تھےجو روضہ رسول صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم پرحاضری کے لیے گئے تھے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمرہ زائرین حاضری کے دوران چوروں کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیے بغیر رہ نہ سکے، ان عمرہ زائرین کی تعداد سیکڑوں میں نہیں بلکہ ہزاروں میں تھی۔
شیخ رشید نے کہا کہ چور وزیراعظم جہاں جائے گا، پاکستانیوں کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستانیوں کو موجودہ حکمرانوں سے شدید قسم کی نفرت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کےنزدیک موجودہ حکمران امپورٹڈ، سیلیکٹڈ اور چور ہیں، موجودہ حکمران پاکستانیوں کے لیے نفرت کا نشان بھی بن چکے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ لوگ ان حکمرانوں کی شکلیں نہیں دیکھنا چاہتے۔