مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے احاطے میں نازیبا الفاظ کے الزام میں 5 پاکستانی شہری گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان مدینہ منورہ پولیس نے نازیبا الفاظ کے الزام میں 5 پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدس مقام کی بے حرمتی کا الزام ہے۔
مدینہ منورہ پولیس ترجمان کے مطابق زیرحراست افراد پر زائرین اور نمازیوں کی سلامتی اور عبادات میں خلل ڈالنے کا الزام ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیاسی مخالفت کے جنون میں مذہبی مقام کے تقدس کی پامالی کا واقعہ پیش آیا تھا، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیرِنارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی مسجدِ نبوی ﷺ آمد کے موقع پر بے ہودہ آوازیں کسی گئیں۔ دونوں وزراء کو غدار اور چور کہہ کر ان کا پیچھا کیا گیا۔
نوبت یہاں تک پہنچی کہ ایک شخص نے نوابزادہ شاہ زین بگٹی کے سر کے بال نوچ لیے۔
مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی مسجد نبویﷺ کے احترام میں خاموشی سے آگے بڑھتے رہے اور مریم اورنگزیب سر نیچا کیے رہیں۔