• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ شہباز نے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا، گارڈ آف آنر پیش

نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف اٹھا لیا، حمزہ شہباز پنجاب کے 21 ویں وزیرِ اعلیٰ بن گئے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے کے بعد حمزہ شہباز شریف وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ان سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے گلے ملے۔

تقریب میں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز، وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ اور پارٹی قائدین بھی شریک ہوئے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہونے والی وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریبِ حلف برداری کا آغاز قومی ترانے اور تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز خود گاڑی ڈرائیو کر کے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں پہنچے، مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

حمزہ کو وزیرِ اعلیٰ کا مکمل پروٹوکول دیدیا گیا

حلف اٹھانے کے بعد حمزہ شہباز گورنر ہاؤس سے روانہ ہو گئے، انہیں وزیرِ اعلیٰ کا تمام پروٹوکول اور سیکیورٹی دے دی گئی ہے۔

گورنر ہاؤس میں ایک ہزار مہمانوں کا انتظام

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کے اندر حلف برداری کی تقریب کے لیے ایک ہزار مہمانوں کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد خان نے گورنر ہاؤس میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ترجیح ہے۔

گورنر ہاؤس و اطراف سیکیورٹی سخت

وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی تقریبِ حلف برداری کے موقع پر گورنر ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات اور سیکیورٹی سخت کی گئی۔

 مال روڈ پر گورنر ہاؤس آنے والے راستے بند کر دیے گئے، واٹر کینن بھی گورنر ہاؤس کے باہر موجود تھی۔

نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب کے سلسلے میں گورنر ہاؤس، وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی تھی۔

سی سی پی او لاہور کی جانب سے گورنر ہاؤس، سی ایم سیکریٹریٹ اور اطراف میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

سی سی پی او لاہور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گورنر ہاؤس آنے والے مہمانوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، غیر متعلقہ شخص یا گاڑی کو گورنر ہاؤس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید