مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز سے بطور وزیراعلیٰ پنجاب حلف لینے کا حکم دیا ہے، ہم سب عدالتی حکم کے پابند ہیں، ان شا اللّٰہ آج حلف برداری کی تقریب ضرور ہوگی۔
خواجہ سلمان رفیق نے گورنر ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ سابق گورنر نے عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کیا تھا، اگر گورنر کے پاس استعفیٰ تھا تو وہ اپنے پاس رکھ کر کیوں بیٹھے تھے، یہ توہین عدالت کر رہے ہیں، آئین سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کا حکم ہے نومنتخب وزیر اعلیٰ حلف لے، یہ ایسی حرکتیں کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، ایک مہینے پہلے استعفیٰ آیا تب ان کو آئین نقطہ کیوں نظر نہیں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب کابینہ اور عثمان بزدار کو بحال کررہےہیں، پہلے کہاں تھے، یہ تو پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔