وفاقی حکومت نے یکم مئی سے 15 دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سمری مسترد کردی ہے۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 15 دن کے لیے قیمتیں برقرار رہیں گی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت 149 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 144 روپے 15 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
اعلامیے کے مطابق مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 125 روپے 56 پیسے، لائٹ ڈیزل 118 روپے 31 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یکم سے 15 مئی کے لیے برقرار رکھی گئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔