• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہیں بارش، کہیں برفباری، کہیں سیلاب، کراچی میں گرمی

محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق عید کے دوسرے روز بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، کئی جگہوں پر بارش سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی، کہیں کہیں برف باری بھی ہوئی، جبکہ سب سے بڑے شہر کراچی میں موسم گرم ہے۔

پشاور میں موسم خوش گوار

پشاور میں عید پر بارش سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آئی، وہیں موسم بھی خوش گوار ہو گیا ہے، خوش گوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے شہریوں نے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا ہے۔

آزاد کشمیر میں بارش

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں عید کی صبح ہلکی بارش اور ہواؤں نے موسم خوش گوار بنا دیا۔

آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں عید کے دوسرے روز گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، باغ اور اس کے گرد و نواح میں بارش کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

آزاد کشمیر کے سب ڈویژن دھیر کوٹ میں تیز بارش ہونے کے بعد بجلی معطل ہو گئی۔

غذر میں بارش اور زلزلے کے جھٹکے

غذر اور گاہکوچ شہر میں بارش سے موسم سرد ہو گیا۔

غذر میں صبح سویرے زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس ہوئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پارا چنار میں ژالہ باری

پارا چنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، پہاڑوں پر ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔

چترال میں برف باری

چترال شہر اور گرد و نواح میں بھی موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے۔

بنوں اور ٹانک میں بھی بادل خوب برسے۔

مری میں بارش سے موسم سرد

ملکۂ کوہسار مری اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جس سے موسم سرد ہو گیا۔

کراچی کا موسم گرم

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں محکمۂ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں شمال مغرب کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 57 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں کہیں بارش، کہیں گرمی

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں آج مطلع جزوی ابر آلود اور گرد آلود ہے جبکہ موسم معتدل ہے۔

وادیٔ کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ، زیارت میں 7، مستونگ میں 13، مسلم باغ میں 14، قلات میں 15 اور پشین میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

آج کوئٹہ، چمن، قلات، پشین اور زیارت میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آج قلعہ عبداللّٰہ، ژوب اور گرد و نواح میں بھی آندھی چلنے اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جمعرات کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

گرزشتہ روز 46 درجۂ حرارت کے ساتھ سبی ملک کا گرم ترین شہر رہا۔

کوہلو میں سیلابی صورتِ حال

ادھر بلوچستان کے ضلع کوہلو میں گزشتہ رات بارش کے بعد سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے عیدالفطر پر ملک بھر میں کہیں آندھی اور کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔

قومی خبریں سے مزید