بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے لاس اینجلس میں عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، شاہ رخ خان ٹی 20 کرکٹ کو مزید بڑھانا اور بہتر بنانا چاہتے ہیں اور اُنہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کی کرکٹ ٹیم نائٹ رائیڈرز گروپ لاس اینجلس میں عالمی معیار کے اسٹیڈیم کی تعمیر کروائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ’نائٹ رائیڈرز گروپ اور امریکی میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) ٹی 20 کرکٹ وینیو بنانے کے لیے تعاون کریں گے اور اس سلسلے میں گریٹ پارک میں 15 ایکڑ کے پارسل پر مذکورہ منصوبے کے لیے لیز پر بات چیت اور ڈیزائن کی منظوری کے ساتھ کام کو آگے بڑھایا گیا ہے‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’لاس اینجلس کے عظیم تر علاقے میں عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا منصوبہ ہمارے اور میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) کے لیے بہت خوش کن ثابت ہوگا۔ بلاشبہ یہ منصوبہ دنیا کے سب سے مشہور میٹروپولیٹن علاقوں میں سے ایک پر واضح اثر ڈالے گا‘۔
اس حوالے سے بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ کرکٹ اسٹیڈیم میں جدید ترین تربیتی سہولیات، لاکر رومز، لگژری سویٹس، پارکنگ، جدید مراعات، فیلڈ لائٹنگ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظوری کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کی پچ شامل ہوگی۔
توقع کی جارہی ہے کہ امریکی کرکٹ مستقبل میں مردوں اور خواتین کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے لیے بولی لگائے گی، جبکہ 2024 مینز ٹی 20 ورلڈ کپ پہلے ہی امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی کے لیے شیڈول ہے۔