• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کی وفات پر چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کا اظہارِ افسوس

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے یورپ میں مقیم سینئر پاکستانی صحافی اور جیو کے بیوروچیف خالد حمید  فاروقی کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ خالد حمید فاروقی جو لندن سے برسلز آرہے تھے، بلجیئم کے دارالحکومت میں گزشتہ رات اپنی رہائشگاہ پر پہنچنے سے پہلے ہی دل کا دورہ پڑنے سے خالق حقیقی سے جاملے۔

علی رضا سید نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ خالد فاروقی ہمارے بہترین دوستوں میں سے تھے، انہوں نے کئی دہائیاں بطور پیشہ ور صحافی کام کیا اور طویل عرصے سے جیو ٹی وی سے وابستہ تھے۔

خالد فاروقی یورپ میں جیو کے بیورو چیف تھے اور بین الاقوامی امور پر رپورٹنگ میں مہارت رکھتے تھے، انہوں نے غیرمعمولی طور پر کشمیر کاز کو سپورٹ کیا اور خاص طور پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اُجاگر کرنے میں بھرپور تعاون کیا۔

خالد فاروقی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں  بہت سے اہم واقعات کی کوریج کی اور اس سلسلے میں  مختلف ملکوں کا سفر بھی کیا، فرانس کے حالیہ صدارتی انتخابات اور یوکرین کی جنگ ان کے حالیہ صحافتی کاموں میں شامل تھے۔  

علی رضا سید نے کہا کہ خالد فاروقی ایک محب وطن پاکستانی صحافی تھے اور انہوں نے نامساعد مالی حالات کے باوجود کبھی بھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، وہ ایک بہادر صحافی اور بے لوث انسان تھے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو کا کہنا تھا کہ ان کی وفات سے ان کے خاندان اور دوستوں کا بہت نقصان ہوا ہے اور شعبہ صحافت ایک اصول پسند عظیم کارکن سے محروم ہوگیا ہے۔ ان کی صحافتی اور انسانی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خالد فاروقی نے معاشرے کی بہتری کے لیے جنگ لڑی اور میڈیا کی آزادی اور جمہوریت کے لیے آواز بلند کی۔ رب کریم ان کی مغفرت فرمائے اور خاندان اور دوستوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

قومی خبریں سے مزید