پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے الیکشن کو مسائل کا حل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر مدت کے لیے آئی مخلوط حکومت بڑے فیصلے نہیں کرسکتی۔
مریم نواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی شہید بننے کی کوشش بھی کریں تو 4 سال کی کارکردگی ان کو منہ چڑھا رہی ہے، چار سال کی ذمہ داری چار ہفتوں کی حکومت پر ڈال رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ لکیریں ڈالنے سے کوئی زیبرا نہیں بن جاتا، جب تک ادارے عمران خان کے ساتھ تھے اور سپورٹ کر رہے تھےتب تک وہ سب سراج الدولہ تھے، کرسی کھسکی، اگلا الیکشن ہاتھ سے جاتا نظر آگیا تو آج کوئی میر جعفر اور میرصادق بن گیا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ جتنی بڑی سازش عمران خان کی صورت ہوئی ہے اتنی تو کوئی نہیں کرسکتا، جس انسان کے پاس چار سال میں اپنی کارکردگی پر بات کرنے کے لیے چار سیکنڈ نہ ہوں تو اسے سازش اور مراسلے کی ضرورت پڑتی ہے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کو آئی سی یو میں پہنچا دیا ہے، عمران خان ملک کے لیے خطرناک نہیں ہوں گے تو کیا ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھ تھا کہ ڈالر اوپر گیا ہے تو عمران خان کی وجہ سے گیا، چار سال میں عمران خان ملک کو چار سو سال پیچھے لے گئے ہیں، جب کسی کلھلنڈرے کو میدان سے اٹھا کر ایوان میں پہنچادیں گے تو یہی ہوگا، جب اس سے پوچھو آٹے کی قیمت کیوں بڑھی تو کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوگئی، میری جماعت اور حکومت کو دیکھنا چاہیے عمران خان کے گناہوں کا ٹوکرا اپنے سر پر نہیں اٹھانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ چور عمران خان ہے، چور اس کے اردگرد سابق وزرا ہیں، کوئی شعبہ اٹھا کر دیکھ لیں وہ فرح خان جیسوں سے بھرا ملے گا۔
اُن کا اپنی جماعت سے متعلق کہنا تھا کہ ن بھی ش ہے اور ش بھی ن ہے، ن اور ش ایک ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب نواز شریف کو پاکستان ملا تھا وہ 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ والا پاکستان تھا، 2013ء میں بھی معیشت کا برا حال تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت اکیلے اور بڑے فیصلے نہیں کرسکتی، فتنوں میں الجھنے کی بجائے نوازشریف کو دو تہائی اکثریت دیں تاکہ وہ ملک کی تقدیر بدلے۔
انہوں نے عمران خان کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی شہید بننے کی کوشش بھی کریں تو 4 سال کی کارکردگی ان کو منہ چڑھا رہی ہے ، جب آپ ان سے پوچھیں کہ ادویات مہنگی کیوں ہوئیں، توخط آجاتا ہے، جب پوچھو آٹے کی قیمت کیوں بڑھی، مہنگائی کیوں ہوئی کہتا ہے میرے خلاف سازش ہوئی ہے، تمہارے خلاف سازش نہیں ہوئی، بات یہ ہے کہ تمہارے پاس بتانے کو کچھ نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج ملک کے جو حالات ہیں، اس کا ایک ہی ذمےدار ہے اس کا نام ہے عمران خان، آئینی رول سے صرف ایک آدمی کو تکلیف ہے، جس کو نقل کی عادت پڑ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے عمران خان کی کرسی کھسکی تو کوئی میر جعفر بن گیا کوئی میر صادق بن گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئینی رول سے صرف ایک شخص کو تکلیف ہے جو بغیر سہارے 10 سیٹیں نہیں جیت سکتا۔
مریم نواز نے پاک افواج کی بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاکستان کے استحکام کے لیے افواج پاکستان کو دیکھتی ہے، افواج پاکستان کے سربراہ کی ریپوٹیشن بے عیب ہونی چاہیے، جس پر کوئی داغ نہ ہو وہ افواج پاکستان کا سربراہ بنے۔
اگر پاکستان کی افواج نے فیصلہ کیا ہے خود کو آئینی رول تک محدود رکھیں گے تو اس کی تعریف کی جانی چاہیے۔
مریم نواز نے ہائیکورٹ میں پیشی سے متعلق کہا کہ میری اپیل کو دس ماہ ہو گئے لیکن نیب اب تک کوئی ثبوت نہیں پیش کرسکا ہے، میری اپیل کو شروع ہوئے ایک سال ہونے کو آیا ہے، نیب کے پاس ثبوت نہیں، ثبوت ہوتا تو دس ماہ بڑا عرصہ ہوتا ہے، نیب کو کبھی کورونا ہوجاتا ہے، کبھی وکیل بدل جاتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ نیب کی زیادتی کا نوٹس لیا جائے، اگر نیب کے پاس ثبوت نہیں تو بطور شہری میرے حقوق کا تحفظ کیا جائے، میرے خلاف ثبوت ہیں تو سزا دیں، مجھےٹانگیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کنٹرول میں جب نیب تھا روزانہ کی بنیاد پر سماعت کروا رہے تھے، جب سے عمران خان گئے تب تک نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں، نیب کو عمران خان کے جانے کے بعد کورونا ہو جاتا ہے، نیب اپنے وکلا ہی تبدیل کر رہا ہے، نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔