اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خاتمے میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں، عالمی سطح پر ملک و قوم کے وقار کو بلند کرنے کے لیے جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
اپنے بیان میں پرویز الہٰی نے کہا کہ فوج اور آرمی چیف ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوتے ہیں، آرمی چیف کو نشانہ بنانے کا مطلب فوج کو نشانہ بنانا ہوتا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ فوج اور آرمی چیف کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر ملکی دفاع کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، فوج اور قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ فوج دشمن قوتوں کو مایوسی ہوگی، فوج موجودہ بحران سے سرخرو ہو کر نکلے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی جارجیت کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا، سفارتی محاذ پر بھی جنرل قمر جاوید باجوہ کی پس پردہ خدمات بہت اہم رہی ہیں، ملک و قوم کی معاشی مشکلات کم کرنے کے لیے جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہمیشہ حکومت کا ہاتھ بٹایا۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یورپی ملکوں کے تحفظات دور کیے، مسلم ممالک پاکستان سے تعلقات کی پائیداری کے لیے جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ن لیگ عمران خان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر فوج اور آرمی چیف کے خلاف استعمال کررہی ہے، عمران خان دو ٹوک کہہ چکے ہیں، فوج ہی ملک و قوم کے تحفظ اور سالمیت کی واحد ضامن ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف نواز شریف کے ٹریک ریکارڈ سے قوم اور فوج واقف ہے۔