سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کے علاقے واریتڑ اور اس کے گرد ونواح کے علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، پینے کے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے ہاتھوں میں برتن اٹھائے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین حکومت ، انتظامیہ اور محکمہ نساسک کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرے کی قیادت نصیر گوپانگ اور صنم فقیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ سراء صنم فقیر نے کی۔مظاہرین محکمہ نساسک کے افسران کو برطرف کرنے اور معاہدہ منسوخ کر کے واپس یہ ذمہ داریاں میونسپل کارپوریشن کے حوالے کرنے کے لئے نعرے بازی کررہے تھے، مظاہرین کا یہ بھی مطالبہ تھا کہ محکمہ نساسک کے مالی معاملات کی نیب سے تحقیقات کرائی جائے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور محکمہ نساسک کی جانب سے پانی کے بحران والے علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے حوالے سے تمام تر اعلانات اور دعوے بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں،سکھر شہر کی گنجان آبادی والے متعدد علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران کے باعث لوگ شدید گرمی میں سخت مشکلات سے دوچار ہیں۔ملک فلاحی جماعت کے صدر ملک محمد جاوید سمیت دیگر فلاحی،سماجی، مذہبی اور سیاسی تنظیموں کے رہنماؤں نے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلو چ سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر کے تمام علاقوں میں فوری طور پر پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔