• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیفٹیننٹ کرنل (ر) عاصم عمران خان کے سیکیورٹی انچارج تعینات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لیفٹیننٹ کرنل (ر) عاصم کو چیئرمین عمران خان کا سیکیورٹی انچارج تعینات کردیا-

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل (ر) عاصم سابق ایس ایس جی کمانڈو ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل (ر) عاصم کی تعیناتی پر پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان شاء اللّٰہ کرنل (ر) عاصم کل سے میری ٹیم کا باقاعدہ حصہ بنیں گے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا شروع کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید کرتا ہوں کہ آپ سب کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے کرنل (ر) عاصم سخت محنت اور لگن سے اپنا کام کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ روز  عمران خان کی سیکیورٹی کیلیےدو اجلاس ہوئے جس کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھائی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی تھی کہ عمران خان کو فوری طور پر چیف سیکیورٹی آفیسر فراہم کیا جائے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بنی گالہ ہاؤس کی سیکیورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی کے اہلکار تعینات کیے ہیں۔

سیکیورٹی اہلکاروں میں اسلام آباد پولیس کے22، ایف سی کے 72 اہلکار شامل ہیں، کے پی پولیس کے36، جی بی کے6 اہلکار صوبائی حکومتوں نے بھی سیکیورٹی کیلئے دیئے ہیں۔

وزارت داخلہ نے کہا کہ ایس ایم ایس سیکیورٹی کے 26،عسکری سیکیورٹی کے9 اہلکار بھی بنی گالہ ہاؤس پر مامور ہیں، دوران موومنٹ عمران خان کےساتھ اسلام آباد پولیس کی 4 گاڑیاں، 23 اہلکار اور رینجررکی ایک گاڑی اور 5 اہلکار ہوتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید