• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپور خاندان کی بہوؤں کے فلموں میں کام کرنے پر بہت سختی ہے، ممتاز عسکری

فوٹو، فائل
فوٹو، فائل

بالی ووڈ کی سینئر اور ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز عسکری عرف ممتاز شِمی نے انکشاف کیا ہے کہ کپور خاندان میں بہوؤں کے فلموں میں کام کرنے پر بہت سختی ہے۔

ممتاز جنہیں آج کل صحت کے حوالے سے کچھ مسائل کا سامنا ہے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی شادی اور ماضی میں شمّی کپور کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کے حوالے سے بات کی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اُنہیں صرف 17 سال کی عمر میں دل ٹوٹنے جیسے غم سے گزرنا پڑا تھا۔

اُنہوں نے شمّی کپور کے بارے میں کہا کہ’میں ان سے بے پناہ محبت کرتی تھی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’مجھے یقین ہے کہ شمّی جی بھی مجھ سے بہت پیار کرتے تھے، مجھے دکھ ہوا کہ میں ان سے شادی نہیں کرسکی، میں صرف 17 سال کی تھی اور وہ مجھ سے 18 سال بڑے تھے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرے لیےاس وقت شادی کرنے کا فیصلہ قبل از وقت تھا‘۔

ممتاز عسکری نے کہا کہ’میں خود کو ثابت کرنا چاہتی تھی اور ہم خوشگوار طریقے سے ایک دوسرے سے الگ ہوئے تھے شمّی کپور نے میرا دل دکھانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’وہ مجھ سے بہت پیار سے پیش آتے تھے، لیکن آپ تقدیر کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’سچ کہوں تو اگر میری شمّی کپور سے شادی ہو جاتی تو میں اداکاری نہیں کرسکتی تھی اور پھر میرے دل میں ایک پچھتاوا رہ جاتا کہ میں اداکاری کرنا چاہتی تھی یا زندگی میں کچھ حاصل کرنا چاہتی تھی۔‘

ممتاز عسکری نے کپور خاندان کے بارے ایک انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ’کپور خاندان کی بہوؤں کے فلموں میں کام کرنے پر بہت سختی ہے۔‘


انٹرٹینمنٹ سے مزید