• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے سنہرے دور کے اداکار اور کپور خاندان کی نامور شخصیات میں سے ایک شمی کپور بھی ایور گرین مدھوبالا کے دیوانے تھے۔ 

میڈیا رپورٹس میں شمی کپور کی 10ویں سالگرہ پر ان کے ایک انٹرویو کی جھلک دوبارہ سامنے آئی ہے، جس کے مطابق انھوں نے مدھوبالا سے متاثر ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ 

شمی نے اعتراف کیا تھا کہ ویسے تو مدھوبالا دلیپ کمار کے عشق میں مبتلا تھیں، تاہم اس کے باوجود بھی میں مدھوبالا کے عشق میں گرفتار ہونے سے خود کو نہ روک سکا۔

واضح رہے کہ اداکارہ مدھوبالا 1950 کے عشرے کی خوبصورت اور باصلاحیت ہیروئنز میں سے ایک تھیں۔

جہاں انھیں اسکرین پر دیکھ کر ان کے چاہنے والے زیادہ تھے، وہیں ان کے ساتھی اداکار بھی ان کے حسن کے دیوانے دکھائی دیتے تھے، اور اسی طرح کا ایک اعتراف شمی کپور کرچکے تھے۔ 

مدھوبالا اور شمی کپور نے 1953 میں فلم ریل کا ڈبہ میں ساتھ کام کیا تھا۔

اس حوالے سے اپنے انٹرویو کے دوران شمی نے کہا تھا کہ جب میں نے پہلی مرتبہ فلم ریل کا ڈبہ کے سیٹ پر مدھوبالا کو دیکھا تو میں ان پر سے اپنی نظریں نہیں ہٹا پایا تھا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگا کہ جیسے مجھے کرنٹ کا جھٹکا لگ گیا ہو، میں اتنا گھبراگیا کہ سیٹ پر اپنے ڈائیلاگز ہی بھولتا جارہا تھا۔

شمی کپور نے کہا تھا کہ مدھوبالا کو دیکھنے کے بعد مجھ پر جو اثرات تھے اسے مدھوبالا خود بھی محسوس کر رہی تھیں اور اس صورتحال سے ممکنہ طور پر لطف اندوز بھی ہورہی تھیں۔ 

انھوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ مدھوبالا اس وقت کے نامور اداکار دلیپ کمار کے عشق میں گرفتار تھیں، لیکن اس سب کے باوجود میں خود کو مدھوبالا کو چاہنے سے نہیں روک سکا۔ 

تازہ ترین