• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 3 ارب 30 کروڑ روپے کی سنگین مالی بےقاعدگیوں کا انکشاف

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 3 ارب 30 کروڑ روپے کی سنگین مالی بےقاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ صحت کو آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں مالی بےقاعدگیاں سامنے آئیں جس کے مطابق اسپتال میں 630 ملازمین کی بھرتیوں، آلات کی خریداری اور تعمیرات کی مد میں مالی بےقاعدگیاں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق ادویات، طبی، آئی ٹی آلات کی خریداری اور تنصیب کی مد میں ایک ارب 43 کروڑ روپےخرچ کیے گئے۔ تعمیراتی منصوبوں میں 1 ارب 39 کروڑ 20 لاکھ 21 ہزار روپے کی بےقاعدگی رپورٹ ہوئی۔

اس حوالے سے رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 241 نرسز کی بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا، بھرتیوں کی مد میں خزانہ کو 47 کروڑ 85 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ نرسز کو خزانہ سے 14 کروڑ 17 لاکھ 8 ہزار روپے تنخواہوں کی مد میں ادائیگی کی گئی۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 18 فارماسسٹ کو بھرتی کرنے پر ایک کروڑ 6 لاکھ 2 ہزار روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔ اسکروٹنی کمیٹی رکارڈ کے مطابق بھرتیوں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے کہا ہے کہ آڈٹ رپورٹ میں اعتراضات کا ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا، زیادہ تر آڈٹ اعتراضات کو نمٹا دیا جاتا ہے، ان تمام آڈٹ پیراز کا جواب دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید