• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری بچی کے لیے دُعا کرتے رہیں: والد دُعا زہرہ


دعا زہرہ کے نکاح خواں قاری حافظ غلام مصطفیٰ کو حراست میں لینے کے بعد، اُن کے والد کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو بیان میں دعا زہرہ کے والد نے کہا کہ ’ماشاء اللّٰہ! ہم لاہور میں کیس جیت گئے ہیں اور اب یہ کیس مکمل طور پر کراچی سندھ ہائیکورٹ میں منتقل ہوگیا ہے۔‘

دُعا زہرہ کے والد نے کہا کہ ’اس کیس کے کئی مجرمان پکڑے گئے ہیں، نکاح نامہ بھی جعلی ثابت ہوگیا ہے اور اب یہ کیس اغواء اور سہولت کاری کی طرف چلا گیا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میری بیٹی کے لیے دُعا کریں، وہ جلد بازیاب ہوکر گھر واپس آجائے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’مجرمان کو سندھ ہائیکورٹ میں پیش کیا جائے گا اور یہ ایک پورا گینگ ہے جس کا میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا۔‘

دُعا زہرہ کے والد نے مزید کہا کہ ’میری بچی کے لیے دُعا کرتے رہیں اور میں پاکستانیوں کی سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔‘

واضح رہے کہ کراچی سے لاہور آکر شادی کرنے والی دعا زہرہ کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ 

پولیس کے مطابق دعا زہرہ کے نکاح خواں قاری حافظ غلام مصطفیٰ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قاری غلام مصطفیٰ حسن مارکیٹ نیو سمن آباد لاہور کا رہائشی ہے اور نکاح خواں نے دعا زہرہ کا بوگس نکاح پڑھایا تھا۔

قومی خبریں سے مزید