• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا شیریں مزاری کی رہائی کا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی رہائی کا حکم دے دیا۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل شیریں مزاری کو زمین پر قبضے کے کیس میں پنجاب کے محکمہ انسداد بدعنوانی نے گرفتار کرلیا تھا۔

تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے ان کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیریں مزاری بطور خاتون قابلِ احترام ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کسی بھی خاتون کی گرفتاری معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتی۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ شیریں مزاری کا بہت احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شیریں مزاری کو گرفتار کرنیوالے اینٹی کرپشن عملے کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئیں، تفتیش اور تحقیقات میں گرفتاری ناگزیر ہے تو قانون اپنا رستہ خود بنالے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری کی گرفتاری کے عمل سے اتفاق نہیں کرتا، مسلم لیگ (ن) بحیثیت سیاسی جماعت خواتین کے احترام پر یقین رکھتی ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کو ہدایت کی کہ شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کی تحویل سے چھڑا کر رہا کیا جائے۔

ساتھ میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے بارے میں بیہودہ زبان کی مذمت کرتے ہیں، مگر انتقام ہمارا شیوہ نہیں۔

شیریں مزاری کی گرفتاری

اس سے قبل زمین پر قبضے کے کیس میں اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کو گرفتار کیا تھا۔ 

ذرائع نے بتایا تھا کہ اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے اسلام آباد پہنچی، اسلام آباد پولیس بھی محکمہ انسداد بدعنوانی کے ہمراہ موجود تھیں۔

حکومت کا گرفتاری سے لاتعلقی کا اعلان

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سابقہ وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔ 

رہنما ن لیگ ملک احمد خان نے پارٹی موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا شیریں مزاری کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، اُن پر زمین پر قبضے کے الزامات ہیں۔

گرفتاری کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

پارٹی رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرکے بتایا تھا کہ شیریں مزاری کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے پر پارٹی کے کارکنان پاکستان بھر میں آج شام احتجاج کریں گے۔

شیریں مزاری نڈر خاتون ہیں، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ شیریں مزاری بہادر اور نڈر خاتون ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ حکومت ملک کو افرا تفری کی جانب لے جانا چاہتی ہے، سینئر رہ نما پی ٹی آئی کو ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوادی گئی، چیف جسٹس درخواست پر آج ہی سماعت کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید