• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشعال ملک کی ہاتھ جوڑ کر عمران خان سے دھرنا آگے بڑھانے کی اپیل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ہاتھ جوڑ کر عمران خان سے اپنا دھرنا ایک، دو دن آگے بڑھانے کی اپیل کردی۔

اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران مشعال ملک نے کہا کہ میں، میری بیٹی اور عوام 25 مئی کو یاسین ملک کے پیار میں نکل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ تو یاسین ملک کے دوست ہیں، اپنا دھرنا آگے بڑھادیں گے تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

یاسین ملک کی اہلیہ نے مزید کہا کہ جانتی ہوں اندرونی سیاست بہت ضروری ہے، مگر کشمیر عبادت ہے، آپ 25 تاریخ کے دن صرف کشمیر کے لیے نکلیں یاسین ملک کے لیے نکلیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یاسین ملک صرف کشمیر کا نہیں اس خطے کے امن اور آزادی کی علامت ہے، بھارتی عدالت انہیں اس دن قید یا موت کی سزا سنائے گی۔

مشعال ملک نے یہ بھی کہا کہ 8 سال ہوگئے ہیں میں نے اپنے شوہر کو نہیں دیکھا، آج یاسین ملک کی بیوی اور بیٹی اُس کے لیے تڑپ رہی ہیں۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنی اندرونی سیاست دو دن کے بعد کرلیں، اگر آپ کو دھرنے کی کال دینی ہی ہے تو کفن باندھ کر نکلیں، یاسین ملک کے لیے نکلیں۔

یاسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر کو شہید نہ ہونے دیں، یہ میری بیٹی نہیں کشمیر کی بیٹی ہے، جو قربانی کشمیری دے رہے ہیں، اس سے روح کانپ جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے آپ کے دل میں کشمیریوں کا درد ہے، آپ 25 مئی کے دن صرف کشمیر کے لیے نکلیں، یاسین ملک کے لیے نکلیں، میں پہلی پاکستانی ہوں، جو عظیم حریت رہنما کی بیوی بنی۔

قومی خبریں سے مزید