• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم اورنگزیب کا پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ روکنے کا اعلان کردیا۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ 25 مئی کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ بات چیت کا آغاز ہے اور عمران خان نے نئے حملے کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر آئینی و قانونی طریقہ اپنائیں گے اور خونی مارچ نہیں ہونے دیں گے، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لیے مشاورت کریں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ 4 سال ملک اور عوام کو لوٹنے والا 25 مئی کو پھر لوٹ مار کے نئے ایجنڈے کے ساتھ اسلام آباد آرہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران صاحب 4 سال کی ناکامیوں، نااہلیوں اور کرپشن کی معافی مانگنے اسلام آباد آرہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں، الیکشن کا اعلان ہم نے کرنا ہے، جو مرضی کرلیں الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چیخیں، روئیں، پیٹیں یا دھمال ڈالیں، لیکن الیکشن کا فیصلہ حکومت اور اتحادیوں نے ہی کرنا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق عمران خان کے پاس اب کوئی اختیار نہیں ہے، الیکشن چاہیے تھا تو تب کرواتے، جب اقتدار سے چمٹے ہوئے تھے اور اختیار رکھتے تھے۔

قومی خبریں سے مزید