• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے میچوں کی سیریز، پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان آج ہوگا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے انٹر نیشنل میچوں کی سیریز کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان پیر کو کیا جائے گا۔سیریز کی تیاری کے لئےکیمپ یکم جون سے شروع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ پنڈی میں ہونے والی سیریز میں سلیکٹرز کچھ سنیئرز کو آرام دیں گے اور بعض باصلاحیت کو موقع دینے کی تجویز ہے۔بعض سینئر کھلاڑی آرام کے حق میں نہیں۔کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی فٹنس مسئلہ نہیں اس لئے آرام دینے کی تجویز غیر ضروری ہے۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی زیادہ کھلاڑیوں کو آرام دینے کے حق میں نہیں ہیں۔سلیکشن کمیٹی نے کنڈیشنگ کیمپ جوائن کرنے والے کپتان بابر اعظم، ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے ساتھ مشاورت کے بعد فہرست کو حتمی شکل دیدی ہے،مکمل فٹ ہونے کے بعدمحمد نواز کی قومی اسکواڈ میں واپسی جبکہ وکٹ کیپر محمد رضوان کو آرام دیکر نوجوان کیپر محمد حارث کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے جبکہ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کو بھی تین میچوں کی سیریز میں آرام دیئے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔لاہور قلندرز کو پی ایس ایل جتوانے والے فاسٹ بولر محمد زمان کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد وسیم ،چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی منظوری کے بعد حتمی ٹیم کا اعلان کریں گے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز 8، 10 اور 12 جون کو ہوں گے۔اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ نوجوان وکٹ کیپر بیٹرمحمد حارث کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں موقع دیا جائے گا۔ محمد حارث نے کہا کہ وہ مسٹر 360 بننا چاہتے ہیں اور تب ہی ممکن ہے کہ جب وہ ہر طرح کی بیٹنگ شاٹ کھیلنے کے ماہر ہوں گے۔ پی سی بی کو دیئے گئے انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ہرطرز کی کرکٹ اور ہر بیٹنگ آرڈر پر کھیلنے کے لئے دستیاب ہوں۔محمد حارث نے کہا کہ والدین نے ہمیشہ نڈر رہنا سکھایا ۔ سخت محنت کو اپنا شعار بنانا چاہتا ہوں تاکہ زندگی میں آگے بڑھ سکوں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا پہلا ہدف اور پھردنیا کے بہترین وکٹ کیپر بیٹر کا اعزاز حاصل کرنا ان کا خواب ہے۔نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو ریجنل انڈر 19 کی سطح پر اپنے کیرئیر کے ابتدائی دو ٹرائلز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑاتاہم انہوں نے ہمت نہ ہاری اور تیسری مرتبہ پھر قسمت آزمائی کی ۔ اس مرتبہ انہیں نہ صرف ریجنل انڈر 19 اسکواڈ میں منتخب کیا گیا بلکہ اسی سال عمدہ کارکردگی کی بدولت آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزازبھی دیا گیا۔پاکستان کے فیلڈنگ کوچ عبدالمجید بھی محمد حارث کے اس مؤقف کی تائید کرتے کہ نوجوان وکٹ کیپر بہت چست اور پھرتیلےکرکٹر ہیں ۔ وہ نیٹ پریکٹس میں ہمیشہ اضافی وقت صرف کرتے ہیں۔ وہ صرف وکٹ کیپنگ کی پریکٹس تک محدود رہنے کی بجائے آؤٹ فیلڈ کی بھی بھرپور پریکٹس کرتے ہیں۔"تین ون ڈے اور 11 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد وسیم جونیئر بھی محمد حارث کے اعتماد اور حوصلے سے بہت متاثر ہیں۔ محمد وسیم جونیئر نے کہا"محمد حارث کے ساتھ انڈر 19 اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیل چکا ہوں۔ وہ ہمیشہ خود کو مشکل حالات میں پیش کرتے ہیں۔ ان جیسا اعتماد بہت کم کرکٹرز میں دیکھا ہے۔ وہ ہر نمبر پر بیٹنگ کے لیے تیار رہتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید