پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن اور قیادت کے گھروں پر چھاپوں سے ن لیگ کا چہرہ پھر عیاں ہوگیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج تمام شہریوں کا حق ہے، ن لیگ جب بھی اقتدار میں آتی ہے اس کی یہ فاشست فطرت ظاہر ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ن لیگ، پی پی پی اور جے یو آئی کے مارچ نہیں روکے اور نہ کریک ڈاون کیا تھا، گھروں پر کریک ڈاؤن کٹھ پتلیوں کی ڈوریاں تھامنے والوں پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھارہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معیشت پہلے ہی تباہی کے گڑھے میں اتر چکی ہے، یہ غیر جمہوری اور سفاکانہ اقدامات معاشی صورتحال میں مزید ابتری کے موجب بنیں گے۔
خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پولیس نے رات گئے لاہور سمیت پنجاب، کراچی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کی کارروائیوں کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ۔