بلوچستان کے علاقے شیرانی کے قدیم جنگلات میں آگ بجھانے کیلئے ایرانی فائر فائٹر طیارہ شیرانی پہنچ گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنزرویٹر محکمہ جنگلات امین مینگل کا کہنا ہے کہ ایرانی فائر فائٹر طیارے نے شیرانی کے جنگلات میں آگ بجھانے کےلئے اسپرے شروع کردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیرانی کے قدیم جنگلات میں لگی آگ پر بڑی حد تک کنٹرول کرلیا گیا ہے، جنگلات میں فائر لائن مکمل کنٹرول میں ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ زرغون غر کے پہاڑوں میں محکمہ جنگلات اور کمیونٹی کے افراد موجود ہیں، جنگلات میں کچھ جگہوں پر پہلے سے لگی آگ کے بعد انگاروں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔
امین مینگل نے کہا کہ آگ مکمل ختم ہونے کے بعد جنگلات میں درختوں اور جنگلی حیات کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، نقصانات کے تخمینہ کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو مغل کوٹ کے جنگلات سے شروع ہونے والی آگ شیرانی کے جنگلات تک پھیل چکی ہے۔
جنگل، جنگلی حیات اور مقامی آبادی کے تحفظ کے لئے فارسٹ رینجز زونز میں دفعہ 144نافذ کرکے فارسٹ رینجز اور زون میں آگ جلا کر پکنک منانے سمیت ہر قسم کی عوامی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے پابندی سےمتعلق اعلامیہ جاری کردیا، آگ کی وجہ سے اٹھنے والا دھواں کئی کلومیٹر سے دیکھا جا سکتا ہے۔