وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو بش سینئر اور جونیئرکا بے بی کہہ دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان کو بش نے ہی پاکستان ایکسپورٹ کیا، سابق امریکی صدر کی گود میں پلنے والا اب اُنہیں ہی گالیاں دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کس سے خطرہ ہے؟ ذرا بتادیں، ہم نہ سہی چیف جسٹس آف پاکستان کو ہی بتادیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ قانون کے دائرے میں ہر چیز کی اجازت ہے، اگر وفاق پر چڑھائی کی گئی تو یہ خطرناک ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک کا صدر ذاتی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح دے رہا ہے، عمران خان کی پلاننگ خطرناک ہے، وہ خود کو خیبرپختونخوا میں محفوظ سمجھتا ہے۔
خورشید شاہ نے یہ بھی کہا کہ پرامن آئیں، روکا نہیں جائے گا، ریڈ زون میں نہیں آسکیں گے، سرینگر شاہراہ پر بیٹھ جائیں، ان سے کوئی تحریری معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا عمران خان کے کنٹرول میں نہیں ہے، لانگ مارچ صرف عمران شو ہوگا، یہ جان بوجھ کر سڑکوں پر بیٹھ گئے، عمران خان کے پاس طاقت نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اداروں کو نقصان پہنچایا گیا، کوشش کریں گے کہ انہیں نہ روکیں اگر یہ انتشار نہ پھیلائیں، ان کی کوشش ہے کہ انہیں گرفتار کیا جائے، مارا جائے تاکہ مظلوم بن سکیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان لانگ مارچ میں خون اور توڑ دو کی باتیں کرتے ہیں، عمران خان نے پہلے جمہوریت کا فائدہ لیا اور پھر ملک کو نقصان دیا۔