• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علاقائی ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ

اسلام آباد (اے پی پی) علاقائی ممالک کو پاکستان کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں 19.79فیصد کی شرح سے نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال اور مالدیپ کو 3.823ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 14.24 فیصد ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں علاقائی ممالک کو پاکستان کی برآمدات کاحجم 2.685 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ علاقائی ممالک میں چین پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے سرفہرست کے ممالک میں شامل ہیں، چین کوجاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں 2.342ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.72فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کو1.641ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔ افغانستان کوپاکستانی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 47.36 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ جاری مالی سال کے دوران افغانستان کوپاکستان کی برآمدات کا حجم 436.18 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 826.74ملین ڈالرتھا۔ سری لنکا، نیپال اورمالدیپ کوپاکستان کی برآمدات کا حجم بالترتیب 312.40ملین ڈالر، 5.063ملین ڈالر اور 5.719ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق علاقائی ممالک سے درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی کی اسی مدت کے مقابلہ میں 37.69 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔