• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب نے ن لیگ سے مینڈیٹ چھیننے والوں سے بدلہ لے لیا، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو زندہ لاش قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے آج عمران خان کو جو زناٹے دار تھپڑ مارا ہے اس کی گونج ہر جگہ سنائی گئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج پنجاب نے مسلم لیگ ن سے مینڈیٹ چھیننے والوں سے بدلہ لے لیا۔ قوم نے بروقت فتنے کو پہچان کر اسے زناٹے دار تھپڑ مارا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اُسے انگلی پکڑ کر کرسی پر بٹھایا اب وہ اُنہی پر حملے کررہا ہے، اداروں سے ادب سے گزارش ہے کہ فتنے کے ہاتھ مضبوط نہ کریں، فتنے کو فتنے کی طرح ڈیل کریں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے اُسے محفوظ راستہ دیا، مگر عمران خان نے ڈی چوک پہنچنے کی بات کر کے جس طرح عدالتی فیصلے کی دھجیاں اڑائیں، سپریم کورٹ نے بھی دیکھ لیا، کہ یہ شخص اپنے محسن کو ڈسے بغیر نہیں رہ سکتا۔

 کنٹینر ہٹاتے ہوئے پل سے گرنے والے دو افراد کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان خود ہیلی کاپٹر پرچڑھ گیا، قوم کے بچے مروا دیے۔ اگر اتنا ہی انقلابی ہے تو جہاد میں بچے اور بہنوں کو لے کر آئے، اسے چاہیے کہ اب بنی گالہ جائے اور عوام کی جان چھوڑ کر اللّٰہ اللّٰہ کرے۔

مریم نواز  نے کشمیری رہنما یاسین ملک کی سزا کی شدید ترین مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے جذبے کو نہ عمر قید ہوسکتی ہے نہ اسے پھانسی چڑھایا جاسکتا ہے، کشمیر کے ایک بیٹے کو بربریت سے عمرقید کی سزا سنادی گئی، آج پوری قوم کی توجہ کشمیر اور یاسین ملک پر ہونی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ مشعال ملک نے 2 دن پہلے رو روکراپیل کی تھی کہ لانگ مارچ کو 2 دن آگے کردیں، لیکن عمران خان نے ان کی درخواست پر کان نہیں دھرے، عمران خان ایک زندہ لاش ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے درخواست کی تھی کہ عمران خان کو نہ روکیں اس کو آنے دیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کی سزا کی شدید ترین مذمت کرتی ہوں، آزادی کےجذبے کو نہ عمر قید ہو سکتی ہے نہ اسے پھانسی چڑ ھایا جا سکتا ہے، کشمیر کے ایک بیٹے کو بربریت سے عمر قید کی سزا سنادی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کو دل کی گہرائیوں سے شاباش دینا چاہتی ہوں، انہوں نے ایک فتنے کو ناکام کیا اور قربانیاں دیں، جو شہادت  کے رتبے پر فائز ہوئے اللّٰہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے عمران خان کی آواز پر کان نہیں دھرے،  خیبر پختونخوا کے عوام نے بھی ان کو مسترد کیا اور وہاں بھی لوگ ان کے ساتھ نہیں نکلے۔

 رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے ایاز صادق صاحب سے رابطہ کیا، ایاز صادق  نے نواز شریف سے رابطہ کیا، نواز شریف نے جواب دیا کہ ہم کسی کی دھونس اور دھاندلی میں نہیں آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تین رہنما آج اسپیکر ہاؤس میں ملاقات کے لیے آئے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی گفتگو کا لب لباب یہ تھا کہ ہمیں عزت بچانے کے لیے کوئی "سیف ایگزٹ" دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ان کے وکیل نے کہا کہ ہمیں اس گراؤنڈ میں جگہ دی جائے جہاں دس ہزار سے بھی کم لوگ آتے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ فرسٹریشن میں انہوں نے آگ لگانا شروع کر دی ہے، لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس کی وین کو آگ لگائی گئی۔

مریم  نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود پی ٹی آئی والوں نے امن و امان کی صورتحال خراب کی۔

قومی خبریں سے مزید